وزیر خزانہ کی 20 لاکھ ٹن گندم فوری درآمد کرنے کی ہدایت

مہنگائی میں اضافہ آئی ایم ایف کی وجہ سے ہوا، عوام کو براہ راست سبسڈی دیں گے: شوکت ترین

وزیر خزانہ شوکت ترین نے 20 لاکھ ٹن گندم فوری درآمد کرنے کی ہدایت کر دی۔

ہم نیوز کے مطابق وزیر خزانہ کی زیر صدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گندم، چینی، دالوں اور چکن کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔

سیکریٹری فوڈ سیکیورٹی نے گندم کے دستیاب وافر ذخائر پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ دو لاکھ 20 ہزار ٹن گندم کی خریداری کے آرڈر دے دیئے گئے ہیں۔

اجلاس میں سیکریٹری صنعت و پیداوار نے چینی کے دستیاب ذخائر پر بریفنگ دی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی ضروریات کیلئے 6 لاکھ ٹن چینی کی درآمد کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے چینی، گندم، دالوں اور خوردنی تیل کے ذخائر کو تقویت دینے کی ہدایت کی۔

پاکستان گندم، چینی، گھی اور دالیں درآمد کرنے والا ملک بن گیا، شوکت ترین

اجلاس میں سیکریٹری خزانہ نے ہمسایہ ممالک میں پیٹرول کی قیمتوں پر بھی بریفنگ دی۔

اس کے علاوہ سیکریٹری خزانہ نے نیشنل پرائس کمیٹی کو مہنگائی کے رجحان پر بریفنگ دی۔

انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.03 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 6 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جولائی میں مہنگائی کی شرح 8.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جولائی میں مہنگائی کی شرح جون کی 9.7 فیصد کے مقابلے میں 1.3 فیصد کم ہوئی۔


متعلقہ خبریں