ایران: ابراہیم رئیسی نے صدر کے عہدے کا حکم نامہ وصول کرلیا


تہران: سید ابراہیم رئیسی نے ایران کے نئے صدر کے عہدے کا حکم نامہ وصول کرلیا ہے۔ نومنتخب سید ابراہیم رئیسی نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے صدارتی حکم نامہ وصول کیا۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ نے خصوصی ٹوئٹ کے ذریعے ایرانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ ابراہیم رئیسی کو اسلامی جمہوریہ ایران کا صدر مقرر کرتے ہیں۔

حکم نامہ وصول کرنے کی تقریب میں سابق ایرانی صدر حسن روحانی بھی موجود تھے۔ تقریب میں ایران کے نو منتخب صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا وہ عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور امریکا کی لگائی ہوئی طالمانہ پابندیوں کو بھی ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔

مزید پڑھیں:ایران کے صدارتی انتخابات میں ابراہیم رئیسی کامیاب

ایران کے نئے صدر کی تقریب حلف برداری 5 اگست کو ہوگی۔ جس میں چیرمین سینٹ صادق سنجرانی پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جنہیں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے نامزد کیا ہے، صادق سنجرانی کل خصوصی طیار ے کے ذریعے مشہد پہنچیں گے۔

ایران میں 18 جون کو تیرہویں صدارتی انتخابات منعقد کیے گئے تھے، عوام کا ٹرن آوٹ 48 اعشاریہ8 فیصد رہا، سید ابراہیم رئیسی 18 ملین سے زائد ووٹ حاصل کرکے ایران کے نئے صدر منتخب ہوئے۔

60 سالہ ابراہیم رئیسی نے 1979 کے انقلاب ایرن کے فورا بعد ہی اہم عہدوں پر کام کیا ہے۔ صرف 20 سال کی عمر میں وہ ضلع کراج اور پھر ہمدان صوبے کے لیے پراسیکیوٹر مقرر ہوئے اس کے بعد انہیں تہران کے نائب پراسیکیوٹر کی حیثیت سے ترقی دی گئی۔


متعلقہ خبریں