امریکہ کا روسی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم


لندن: امریکہ نے روس کے سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

غیر ملکی  خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ نے روس کے 24 سفارتکاروں کے ویزوں کی تجدید سے انکار کر دیا اور انہیں 3 ستمبر تک ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

روس کے سفیر اناتولی آنتونوف نے کہا ہے کہ 24 سفارتکاروں کو ویزے کی معیاد ختم ہونے کے بعد 3 ستمبر تک امریکہ چھوڑنے کا کہا گیا ہے اور تقریباً تمام ہی سفارتکار کسی متبادل کے بغیر امریکہ سے واپس وطن جانے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے امریکی اقدام کو جوابی کارروائی سے قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ امریکہ بلاجواز امتیاز برت رہا ہے اور اچانک ہی ویزے کے اجرا کے عمل کو سخت بنا دیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے روسی سفیر کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نہ یہ انتقامی کارروائی ہے اور نہ ہی اس میں کچھ نیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر مقبوضہ جموں و کشمیر میں گر کر تباہ

انہوں نے کہا کہ روسیوں کو 3 سال بعد ویزوں کی مدت میں توسیع کے لیے درخواست دینی ہوتی ہے جن پر جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ کیا جاتا ہے۔

تاہم امریکی ترجمان نے یہ واضح نہیں کیا کہ 24 سفارت کاروں کی ویزوں کی تجدید کے لیے درخواستوں میں ایسا کیا تھا کہ سب ہی درخواستیں ایک ساتھ مسترد کردی گئیں۔

واضح رہے کہ امریکہ اور روس کے درمیان کشیدگی کا سلسلہ کافی برسوں سے جاری ہے تاہم نئے امریکی صدر جوبائیڈن نے 16 جون کو روسی صدر ولادی میر پوتن سے ملاقات کی تھی جس کے بعد تناؤ میں کمی کا امکان پیدا ہوگیا تھا تاہم دونوں کے درمیان خلیج برقرار ہے۔


متعلقہ خبریں