پی ٹی آئی کے لوگ عوام کو گمراہ کرتے ہیں، مرتضیٰ وہاب


کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تنقید کرنے والے کام کرتے ہیں نہ کرنے دیتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے لوگ عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز 2 لاکھ 22 ہزار افراد نے انسداد کورونا ویکسین لگوائی اور اب لوگ بڑے پیمانے پر ویکسین لگوا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل سے ہی کورونا پر قابو پاسکتے ہیں۔ سندھ میں لاک ڈاؤن کے فیصلے پر تنقید کی گئی لیکن تنقید کرنے والے کام کرتے ہیں نہ کرنے دیتے ہیں۔ سندھ کے صنعتی مراکز میں ویکسی نیشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ڈیلٹا ویرینٹ ملک کے مختلف حصوں میں بڑھ گیا ہے اس لیے اب شہری سندھ حکومت کا ساتھ دیں اور ڈیلٹا ویرینٹ کو روکنے کے لیے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف نے 650 ارب ڈالرز فنڈز کی منظوری دے دی

انہوں نے کہا کہ عوام کی ذہن سازی کی گئی ہے اور اب اس کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ کراچی کے ہر ضلع میں ویکسین سینٹر قائم کیے ہیں اور ہمیں ایک قومی بیانیہ دینے کی ضرورت ہے جس کے لیے شہریوں کو قائل کرنا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کورونا کو اگر ہم نے کنٹرول کر لیا تو ہم چیزوں کو کھولنے کی طرف جائیں گے۔ فیصلہ کیا ہے کہ مزید موبائل یونٹس کو فعال کیا جائے اور سندھ کے دیگر اضلاع سے موبائل یونٹس کراچی منگوائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لوگ عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں