انوارالحق آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر منتخب


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما انوارالحق آزادکشمیرقانون ساز اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے امیدوار انوارالحق نے 32 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے مشترکہ امیدوار راجہ فیصل ممتاز نے 15 ووٹ لیے۔

نومنتخب اسپیکر انوار الحق نے حلف اٹھا لیا ہے۔ سبکدوش ہونے والے اسپیکر شاہ غلام قادر نے ان سے  حلف لیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل نے چوہدری انوارالحق کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

انہوں نے ٹویٹ کیا کہ اس اہم ترین عہدے کی ذمہ داری وزیراعظم عمران خان اور نئے پاکستان کے ویژن کے تحت نبھانے کے لیے نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے کہ  آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف 29 سیٹوں کے ساتھ پہلے، پاکستان پیپلز پارٹی بارہ سیٹوں کے ساتھ دوسرے اور پاکستان مسلم لیگ نوازسات سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کا الزام لگایا ہے۔ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کسی صورت انتخابی نتائج تسلیم نہیں کریں گی۔


متعلقہ خبریں