لاہور سے لاپتہ ہونے والی چاروں بچیاں مل گئیں


لاہور: لاہور کے علاقے ہنجروال سے چار روز قبل لاپتہ ہونے والی چاروں بچیاں ساہیوال سے مل گئیں۔

سی سی پی او لاہور کے مطابق اہلکار انہیں لینے کے لیے ساہیوال روانہ ہو گئے ہیں۔ بچیاں خود اپنی مرضی سے گھرسے گئیں یا اغوا کا معاملہ ہے تحقیقات جاری ہیں۔ اغوا کے شبے میں پولیس نے متعدد چھاپے مارے اور گرفتاریاں بھی کی گئیں۔

خیال رہے کہ ہنجروال میں 30 جولائی کی رات ایک ہی گلی کے 2 گھروں سے دو، دو کم عمر بہنیں اچانک لاپتا ہو گئیں تھیں۔ اس ضمن میں ملنے والی ابتدائی اطلاعات کے مطابق چار روز قبل  لڑکیوں کو رکشہ ڈرائیور نے پنڈی اسٹاپ گرین ٹاﺅن اتارا تھا جہاں سے وہ جوہر ٹاﺅن گئیں۔

لاپتہ ہونے والی چاروں لڑکیوں کی آخری لوکیشن چونگی امرسدھو کی آئی لیکن اس کے بعد لڑکیوں کا فون بند ہو گیا۔ جیسے ہی بچیوں میں سے ایک کے پاس موجود موبائل آن ہوا تو پولیس نے لوکیشن کے ذریعے پتہ لگا لیا کہ بچیاں ساہیوال میں ہیں۔

بچیوں کے اغوا پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تشویش کا اظہار کیا اور معاملے کا فوری نوٹس لیا تھا اور وزیر اعلیٰ  پنجاب عثمان بزدار کے نوٹس  کے بعد مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

تھانہ ہنجروال میں درج ایف آئی آر کے مطابق  بچیاں میٹرو ٹرین کی سیرکے لیے گھر سے نکلی تھیں اور پھر واپس نہیں آئیں لیکن جب کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بچیاں گھر نہ پہنچیں تو گھر والوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ جس کے بعد اہل خانہ نے فوری طور پر مقامی پولیس اسٹیشن کو اس بارے میں آگاہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں