ماہرہ اور عائشہ عمر کاوزیراعظم سے مطالبہ


پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان اور عائشہ عمر نے  وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خواتین پر ہونے والے گھریلو تشدد کی روک تھام کے لیے اسمبلی میں بل لائیں۔

سوشل میڈیا پر ماہرہ خان اور عائشہ عمر نے عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ  گھریلو تشدد  کی روک تھام  کے لیے پارلیمنٹ سے بل منظور کرانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں گزشتہ ماہ قتل ہونے والی لڑکی نور مقدم کے المناک حادثے کے بعد بہت سے لوگوں نے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت قانون سازی کا مطالبہ  کیا ہے۔

ماہرہ خان نے  اپنی ایک ٹویٹ میں وزیراعظم کو مخاطب کرتے کہا کہ جب تک  گھریلو تشدد  کی روک تھام کے لیے قانون نہیں ہوگا تب تک خواتین بدسلوکی کا شکار رہیں گی۔

اداکارہ عائشہ عمر نے بھی ماہرہ  خان کی پوسٹ کا جواب دیا۔ انہوں نے  اپنی ٹویٹ میں عمران خان کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ بہت سی خواتین کو گھریلو زیادتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بعد میں اسے ذاتی معاملہ قرار دے کر مسترد کر دیا جاتا ہے۔  گھریلو تشدد کے معاملے پر اور عورتوں کو تحفظ دلانے کے لیے فوری قانون سازی کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل قوم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان  نے کہا تھا کہ  لوگ کہتے ہیں کہ نور مقدم کا مبینہ قاتل ایک امیر اور بااثر خاندان سے ہے، جس کی وجہ سے ملزم بچ سکتا ہے، مگر ملزم بچ نہیں پائے گا چاہے وہ  دوہری شہریت اور امریکی شہری ہی کیوں نہ ہو۔

 


متعلقہ خبریں