طلباء کو امتحانات میں 5 فیصد اضافی نمبرز دینے کا فیصلہ


وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ہر طالب علم کو لازمی مضامین میں متناسب نمبروں کے علاوہ 5 فیصد اضافی نمبرز دیئے جائیں گے۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نویں، دسویں ، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلباء کو اختیاری مضامین کے نمبروں کی بنیاد پر لازمی مضامین میں متناسب نمبرز دینے کے ساتھ  5 فیصد اضافی نمبرز دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو ایک دن میں 50 فیصد طلبا کو بلانے کی اجازت ہو گی۔

شفقت محمود نے کہا کہ سندھ کے علاوہ تمام صوبوں میں امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ امتحانات میں لازمی مضامین میں 5 فیصد اضافی نمبر زدیئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں وزرائے تعلیم سے درخواست کی گئی کہ یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ کی ویکسی نیشن کی جائے جب کہ اسکولوں سے متعلق عملے کی ویکسی نیشن بھی ضروری ہے۔

امتحانات نہ لیے تو جو بچے پڑھ رہے ہیں وہ بھی تیاری چھوڑ دینگے، شفقت محمود

ان کا کہنا تھا کہ 25 اگست کو کورونا صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، ہماری پوری کوشش ہے کہ بچوں کی صحت اور تعلیم کا خیال رکھا جائے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس میں شرکت کے بعد بتایا کہ صوبے بھر کے اسکول جاری کردہ احکامات کے مطابق کھلے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری و نجی  اسکولوں کو ایک دن میں 50 فیصد طلبا کو بلانے کی اجازت ہو گی۔

مراد راس نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اور ویکسی نیشن کے بغیر اس وبا پر قابو پانا ممکن نہیں۔


متعلقہ خبریں