کورونا وائرس، برطانیہ کا بھارت کو ریڈ لسٹ سےنکالنے کا اعلان


لندن: برطانیہ نے بھارت کو کورونا کی ریڈ لسٹ سے نکالنے کا اعلان کر دیا جبکہ برطانوی رکن پارلیمنٹ نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے دہرا معیار قرار دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کی جانب سے بحرین، قطر اور متحدہ عرب امارات کو ریڈ سے امبر لسٹ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ پاکستان بدستور ریڈ لسٹ میں شامل ہے۔

برطانوی حکام کے مطابق پاکستان سے آنے والوں کو ہوٹل میں قرنطینہ کرنا ہو گا اور 12 اگست سے ریڈ لسٹ میں شامل ممالک سے آنے والوں سے قرنطینہ کی مد میں زائد رقم وصول کی جائے گی۔ جس کے بعد ایک بالغ شخص کے قرنطینہ کے اخراجات ایک ہزار 750 سے بڑھ کر 2 ہزار 285 پاونڈ ہوجائیں گے جبکہ دوسرے بالغ شخص کے لیے ایک ہزار 430 پاؤنڈ ادا کرنا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیلٹا کا عالمی معیشت پر حملہ، تیل کی قیمتیں گر گئیں

برطانیہ کی امبر لسٹ میں شامل ملکوں کے ویکسین شدہ افراد کو برطانیہ آنے پر قرنطینہ نہیں کرنا پڑتا۔

دوسری جانب برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے کورونا کی لہر میں مبتلا بھارت کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو ریڈ لسٹ سے نکالنے پر حیرت ہے جبکہ پاکستان میں بھارت کے مقابلے میں کورونا کیسز کم ہیں لیکن پاکستان ریڈ لسٹ میں شامل ہے۔

ناز شاہ نے برطانوی حکومت کے دہرے معیار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح پاکستان کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا سے متعلق روسی تجویز پر دنیا حیران

دوسری جانب بھارت میں کورونا سے 24 گھنٹوں میں 532 اموات ہوئیں اور  مجموعی تعداد 4 لاکھ 32 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔

کورونا کیسز کے لحاظ سے دنیا میں امریکہ کے بعد بھارت کا دوسرا نمبر ہے اور اموات کے لحاظ سےامریکہ، برازیل کے بعد بھارت کا تیسرا نمبر ہے جبکہ کیسز کے لحاظ سے پاکستان کا نمبر 31 واں ہے۔


متعلقہ خبریں