وزیراعظم مہنگائی کے بجائے سندھ پر قابو پانے کیلئے اجلاس بلاتے ہیں، مرتضیٰ وہاب


کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے سندھ کے ساتھ جو وعدہ کیا تھا پورا نہیں کیا۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کورونا کی شرح 9 فیصد ہو گئی ہے اور کہا جا رہا تھا سندھ حکومت جلد بازی میں فیصلے کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری باتوں کا مذاق اڑایا گیا اور سندھ حکومت پر تنقید کی گئی۔ کیا 9 فیصد شرح اطمینان بخش ہے؟ سندھ بھر میں مزید ویکسی نیشن سینٹرز کھول رہے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ہفتہ پہلے لوگ ویکسین لگوانے نہیں جارہے تھے لیکن اب کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈیڑھ لاکھ لوگوں نے ویکسین لگوائی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی انتقام کا سلسلہ جاری ہے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) وزرا حزب اختلاف پر بے بنیاد الزامات لگاتے ہیں۔ وزیر اعظم نے سندھ کے ساتھ جو وعدہ کیا پورا نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نیازی گٹھ جوڑ کا پروپیگنڈا کرنے والوں نے نیب چیئرمین لگایا، شہبازگل

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ارباب غلام رحیم ماضی میں تھر کے بادشاہ کہلائے جاتے تھے۔ ایم کیوایم کہہ رہی ہے کہ کراچی کو کورونا آفت زدہ قرار دیا جائے۔ وزیر اعظم مہنگائی پر قابو پانے کے بجائے سندھ پر قابو پانے کے لیے اجلاس بلاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسائل ضرور ہیں لیکن ہم حل کرنے کے لیے بھی کوشاں ہیں۔ ملک کو آئینی طریقے سے چلایا جائے اورویکسین کو محفوظ رکھنے کے لیے بھی اقدامات کرنے ہوتےہیں۔

کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں کشمیر کو پاکستان کا حصہ سمجھا ہے اور مودی نے اپنے مقاصد پورے کرنے کے لیے کشمیر کو بند کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق رائے دہی دینا چاہیے لیکن بھارت کی مودی سرکار کشمیر دشمنی میں بہت آگے چلی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں