12 مئی جیسا سانحہ دوبارہ نہیں چاہتے، وزیر داخلہ سندھ


کراچی: وزیرداخلہ سندھ سہیل انورسیال نے کہا ہے کہ ‘ہم نہیں چاہتے سانحہ 12 مئی دوبارہ رونما ہو، پرامن سیاسی جدوجہد کی اجازت سب کو ہے، پاکستان میں انتشار کی کیفیت کے خواہاں نہیں۔’

وزیرداخلہ سندھ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ افواہیں گردش کررہی تھیں کہ ہم کسی تنظیم کو جلسے کی اجازت نہیں دے رہے جبکہ ایسا نہیں تھا، اصل بات یہ تھی کہ جس جگہ پہلے سے پروگرام طے شدہ تھا وہاں جلسےکی اجازت مانگی گئی، کمشنر کو پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کو متبادل جگہ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 12 مئی 2007 کے سانحے کے بہت سے شواہد مٹ چکے ہیں، جو پارٹیاں 12 مئی کا رونا روتی ہیں وہ اس وقت حکومت میں تھیں، وزیرداخلہ نے کہا کہ اس وقت کے وزیرداخلہ اور وزیراعلیٰ کو سانحہ 12 مئی کا ذمہ دار سمجھتا ہوں۔

ایم کیو ایم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے نہیں سپریم کورٹ کے حکم پر ایم کیو ایم رہنماؤں سے سیکیورٹی واپس لی، متحدہ قومی موومنٹ اپنے گناہوں کو چھپانے کے لیے بہتان تراشی نہ کرے، عدالت کی ڈیڈ لائن تھی اس لئے ایم کیو ایم رہنماؤں سے 70 جبکہ  پیپلز پارٹی کے  رہنماؤں سے 74  کانسٹیبل واپس لیے گئے۔

 


متعلقہ خبریں