ٹوکیو اولمپکس:چینی کھلاڑی سے شادی کے سوالات پر بحث چھڑ گئی


چین کے  لیے گولڈ میڈل حاصل کرنے والی گونگ لیژاؤ سے سرکاری میڈیا کی جانب سے پوچھا گیا کہ وہ شادی کب کریں گی اور بچے کب پیدا کریں گی۔

شاٹ پٹ  کھلاڑی کو مردانہ خاتون کہہ کر بھی پکارا گیا۔اس کے علاوہ  انٹرویو کے دوران ذاتی زندگی  کے بارے میں بھی سوالات کیے گئے جن کی سوشل میڈیا پر شدید مذمت ہو رہی ہے۔

چین میں سوشل میڈیا پر یہ موضوع اس ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹرینڈ کر رہا ہے کہ ‘کیا کسی خاتون کے بارے میں صرف شادی کے حوالے سے ہی بات کی جا سکتی ہے؟سوشل میڈیا صارفین  نے اس طرح  کے سوالات کو جنس کی بنیاد پر تفریق کرنےوالا رویہ قراردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹوکیو اولمپکس: کوچز کا خاتون کھلاڑی پر میچ چھوڑنے کیلیے دباؤ

انٹرویو کا آغاز ہونے سے پہلے ٹوکیو اولمپکس سے متلعق ایک کلپ چلایا گیا جس میں چینی میڈیا کی صحافی نے کہا تھا ‘گونگ کے اس غیر معمولی لمحے سے قبل میں اس گمان میں تھی کہ وہ شاید ایک مرد ہیں۔’

سوشل میڈیا پرانٹرویو میں استعمال ہونے والے الفاظ اور سوالات  پر سرکاری ٹی وی کوآڑے ہاتھوں لیا گیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ گونگ سے پوچھے جانے والے سوالات تفریق پر مبنی اور گونگ کی جسامت کا مذاق اڑانے والے تھے۔ متعدد صارفین نے گونگ  کے لیے حمایتی پیغامات لکھ کر ان کا حوصلہ بڑھانے کی کوشش کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹوکیو اولمپکس: امریکی میڈیا کی میڈل کے حوالے سے غلط بیانی

ایک پیغام میں ایک صارف نے لکھا ہے کہ ایسا نہیں ہے کہ اس کی شادی نہیں ہو رہی ہے۔ بات یہ ہے کہ اس کے مقابلے کا کوئی مرد ہے ہی نہیں۔ جب ہم خواتین کی بات کرتے ہیں تو صرف ان کی خوبصورتی یا شادی کی بات نہیں، بلکہ ان کی کامیابیوں اور خوابوں کی بات بھی ہونی چاہیے۔

پیغامات کا جواب دیتے ہوئے گونگ نے لکھا ہے ‘یہ پیغام میرے احساسات کی عکاسی کرتا ہے، بہت شکریہ!’


متعلقہ خبریں