گرل فرینڈ کی جگہ پرچہ دینے والا نوجوان گرفتار

گرل فرینڈ کی جگہ پرچہ دینے والا نوجوان گرفتار

ڈاکار: افریقی ملک سینیگال میں بھیس بدل کر اپنی گرل فرینڈ کی جگہ امتحان دینے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سینیگال کے علاقے دیوربیل میں خادم امبوپ نامی 22 سالہ نوجوان اپنی 19 سالہ گرل فرینڈ گانگوئے دیوم کا روپ دھار کر اس کی جگہ گریجویشن کا امتحان دے رہا تھا۔

لمبے بالوں والی وِگ لگانے کے علاوہ خادم امبوپ نے لڑکیوں کا لباس بھی پہن رکھا تھا جبکہ بالوں اور میک اپ کے ساتھ ساتھ اس نے روایتی اسکارف بھی پہن لیا تاکہ کوئی اسے پہچان نہ سکے۔

خادم امبوپ بھیس بدل کر 2 پرچے دینے میں تو کامیاب ہو گیا تھا تاہم تیسرے پرچے میں سپروائزر کو اس پر شک ہوا۔ تلاشی لینے پر ذرا سی دیر میں انتظامیہ پر انکشاف ہوا کہ یہ لڑکا ہے جو لڑکی کا بھیس بدل کر امتحان دے رہا ہے۔

انکشاف ہونے پر امتحانی مرکز کی انتظامیہ نے پولیس کو بلوا لیا اور اگلے چند منٹوں میں امبوپ نے پولیس کے سامنے سچائی اگل دی۔ خادم امبوپ نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی گرل فرینڈ کی جگہ امتحان دے رہا تھا جو قریبی ریسٹورینٹ میں اس کا انتظار کر رہی ہے۔

پولیس نے فوری طور پر لڑکی کو بھی گرفتار کر لیا اور دونوں پر جعلسازی کا مقدمہ درج کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: موت نے 1200 میل دور بلا لیا

خادم امبوپ نے پولیس کو کہا کہ اس نے کوئی جرم نہیں کیا بلکہ وہ اپنی گرل فرینڈ کی مدد کررہا تھا کیونکہ وہ اپنی انگریزی بے حد کمزور ہونے کی وجہ سے گریجویشن کے امتحان میں شدید مشکلات کا شکار تھی۔

پولیس نے دونوں پر دھوکا دہی اور جعلسازی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا جس میں دونوں کو سزا یقینی ہے۔

ممکنہ طور پر اس جوڑے کو سینیگال میں قومی سطح کے کسی بھی سرکاری امتحان کےلیے 5 سال تک نااہل قرار دیا جاسکتا ہے جبکہ بھاری جرمانہ بھی متوقع ہے۔

اگر جج زیادہ سخت مزاج ہوا تو خادم امبوپ اور اس کی گرل فرینڈ کو ایک سال سے پانچ سال تک جیل کی ہوا بھی کھانی پڑتی ہے۔


متعلقہ خبریں