زمبابوے کے کرکٹرز نے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی


ہرارے: زمبابوے کے کرکٹرز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر اپنے کرکٹ بورڈ کو دھمکی دی ہے کہ وہ طے شدہ تین ملکی سیریز نہیں کھیلیں گے۔

زمبابوے کے 16 کرکٹرز نے دھمکی دی ہے کہ اگر بورڈ نے مئی تک واجبات ادا نہ کیے تو جون میں پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز نہیں کھیلیں گے۔

واجبات کی ادائیگی کے لیے کرکٹرز نے بورڈ کو قانونی نوٹس بھی بھجوا دیا ہے۔ قانونی نوٹس میں تحریر کیا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کو جولائی 2017 سے اب تک کی تنخواہیں، میچ فیس اور بونس کی رقم ادا نہیں کی گئی ہے۔

آسٹریلیا، زمبابوے اور پاکستان کے درمیان سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز یکم سے آٹھ جولائی تک زمبابوے میں شیڈول ہے۔

شیڈول کے مطابق سہ ملکی سیریز کے بعد پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز 13 سے 22 جولائی تک جاری رہنی ہے۔


متعلقہ خبریں