ہمارا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں ہے، وزیر خارجہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستا ن کے صدراشرف غنی کے الزامات کا سلسلہ جاری ہے لیکن افغانستان کی جانب سے الزامات پر پھر بھی ہمارا رویہ مثبت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں اور افغان امن عمل میں پاکستان کا کردار مثبت رہا ہے۔ آج بھی دوحہ میں امن مذاکرات میں پاکستانی وفد شامل ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی قیام امن کے لیے کی گئی کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں جبکہ دنیا افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں کو سراہ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے صورتحال کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے اور افغانستان سے باہر ایک طبقہ اسپائیلر کا کردار ادا کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: منشیات فروشوں کی مناسب کوریج نہ ملنے پر صحافی کو قتل کی دھمکی

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں ہے اور افغانستان میں امن عمل ہماری کوششوں سے ہی بڑھا ہے۔ افغانستان میں تشدد میں اضافے پر ہمیں تشویش ہے لیکن ہم افغانستان کے معاملات میں مداخلت نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے پابندیوں پر نظرثانی کے لیے بات جاری ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے روشن ڈیجیٹل اسکیم کا آغاز کیا۔ جولائی میں 2 ارب ڈالر سے زیادہ ترسیلات زر آئیں۔


متعلقہ خبریں