اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنا ذہنی صحت کیلئے نقصان دہ


جسمانی سرگرمیوں کی بجائے اسمارٹ فونز پر وقت گزارنا، ذہنی صحت کے شدید نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

آسٹریلیا کی کوئنز لینڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دن بھر میں ایک گھنٹے تک اسکرینز کے استعمال سے کچھ فوائد حاصل ہوتے ہیں مگر لڑکیوں میں 75 منٹ اور لڑکوں میں 105 منٹ کے بعد منفی اثرات مرتب ہونے لگتے ہیں۔

اسی بنیاد پر کوئنز لینڈ کے ماہر ڈاکٹر اسد خان کا کہنا ہے کہ  لڑکیوں کے لیے دن میں 2 گھنٹے اور لڑکوں کے لیے 4 گھنٹوں سے زیادہ وقت اسکرین کے سامنے گزارنا ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

تحقیق میں 13 سے 15 سال کی عمر کے 5 لاکھ 77 ہزار سے زائد نوجوانوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جن کا تعلق 42 ممالک سے تھا۔

یہ بھی پڑھیں:جسمانی اور ذہنی صحت کا خیال رکھنے والا روبوٹ تیار

محققین کا کہنا ہے کہ اسکرینز کے سامنے بہت زیادہ وقت گزارنے سے ڈپریشن، موٹاپے، ناقص معیار زندگی، نقصان دہ غذائی عادات، جسمانی اور ذہنی افعال میں کمی جیسے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

جبکہ جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانے سے جسمانی فٹنس، ہڈیوں کی صحت، ذہنی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ جسمانی وزن بھی کم ہوتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اہم مسئلے پر مزید تحقیق اور آگاہی کی ضرورت ہے کیونکہ آج کے دور میں چھوٹے ہوں یا بڑے اپنا زیادہ تر وقت اسکرینز کے سامنے ہی گزارتے ہیں، جس سے ان پر ناقابل بیان اثرات مرتب ہوتے ہیں۔


متعلقہ خبریں