سپریم کورٹ: شوگر ملز کو 97 روپے پر چینی فروخت کرنے کی مشروط اجازت


سپریم کورٹ نے شوگرملزکو 97 روپے ایکس مل ریٹ پر چینی فروخت کرنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔

سپریم کورٹ میں چینی کی قیمت مقررکرنے سے متعلق حکومتی اپیل پر جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3  رکنی بنچ نے سماعت کی۔

عدالت نے کیس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجواتے ہوئے درخواستوں پر 15 دن میں فیصلے کی ہدایت کردی۔

دوران سماعت جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ عدالت کے پاس قیمتوں میں تعین جیسے معاملے میں مداخلت کی کوئی بنیاد نہیں۔ عدلیہ کی غیرمتعلقہ حدود میں مداخلت شرمندگی کا باعث بنتی ہے۔ عدالت نفع نقصان اور قیمتوں کا تعین نہیں کرسکتی۔

دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا  کہ حکومت نے چینی کی ایکس مل قیمت مقرر کی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کی ایکس مل قیمت پرحکم امتناع جاری کیا۔ قیمت مقرر کرنے کا اختیارحکومت کا ہے. حکومت کا ایکس مل ریٹ 84 اور شوگر مل مالکان کا 97 روپے ہے.

مزید پڑھیں: شوگر ملز نے کارٹیل بناکر عوام کو لوٹا، وزیراعظم کا جہانگیر ترین سے متعلق سوال پر جواب

اس پر جسٹس عمرعطا بندیال نے استفسار کیا کہ کیا حکومت کے پاس چینی کی قیمت مقرر کرنے کا مکمل اختیار ہے؟ قیمت کا تعین ایک فارمولہ کے تحت ہوتا ہے۔ شوگر ملز کا موقف ہے کہ حکومت نے 104 روپے پر چینی درآمد کی۔ درآمد کی گئی چینی حکومت سبسڈی دیکر 89 روپے میں فروخت کری گی۔۔یہ بات درست ہے یا غلط۔۔عدالت نے اپنے اختیارات کو دیکھنا ہے۔

شوگرملزمالکان کے وکیل  کا کہنا تھا کہ عبوری حکم ختم کیا تو اس کا نقصان ہوگا۔ عبوری حکم ختم ہوا تو سارا سٹاک اٹھا لیا جائے گا۔ قیمتوں میں فرق پر مبنی ڈپٹی رقم رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ کوجمع کرائیں گے۔۔

اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ عبوری حکم ختم نہ ہوا تو مل مالکان مہنگی چینی فروخت کرینگے۔

جسٹس سجاد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکم امتناع ختم ہونے سے ملز کا نقصان ہوا تو کیا ریاست ازالہ کرے گی؟

جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ مناسب ہوگا کہ قیمتوں میں فرق کی رقم کسی ٹرسٹی کے پاس رہے۔ کیس کا فیصلہ ہونے تک رقم ٹرسٹی کے پاس رہے گی۔

عدالت نے قرار دیا کہ حکومت اور شوگر ملز مالکان کے مقرر کردہ ریٹ میں فرق پر مبنی رقم ہائیکورٹ میں جمع ہوگی۔ شوگر ملز ایکس مل ریٹ میں فرق پر مبنی رقم رضاکارانہ طور پر جمع کرائیں گی۔ متعلقہ کین کمشنر چینی کے اسٹاک اور فروخت کا ریکارڈ مرتب رکھیں۔


متعلقہ خبریں