احتساب عدالت نے خواجہ آصف کی درخواست منظور کر لی

فوٹو: فائل


لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی۔

احتساب عدالت لاہور میں اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی جس میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف پیش ہوئے۔ خواجہ آصف کے وکلا نے ریفرنس دائر ہونے تک عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی۔

وکیل نے کہا کہ سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف ریفرنس تاحال دائر نہیں کیا گیا اور ماضی میں ایسی صورتحال میں حاضری سے استثنیٰ کی استدعا منظور کی گئی ہے۔

احتساب عدالت کے جج شیخ سجاد احمد نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میں دیگر احتساب عدالتوں کا پابند نہیں تاہم آپ ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں دکھائیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے خواجہ آصف کو ریفرنس دائر ہونے تک حاضری سے استثنیٰ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق خواجہ آصف ہر تاریخ پر عدالت میں پیش ہونے کے پابند ہیں۔

نیب پراسیکیورٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ جب تک عدالت کوئی آرڈر نہیں کرتی خواجہ آصف عدالت پیش ہونے کے پابند ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ کا رویہ پاکستان کیساتھ تبدیل ہو گیا، وزیر اعظم

عدالت نے خواجہ آصف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافی نے خواجہ آصف سے سوال کیا کہ نواز شریف کا ویزا ختم ہوگیا ہے تو کیا توسیع کی درخواست کرنی چاہیے ؟ جس پر خواجہ آصف نے جواب دیا کہ میں یہاں پیشی پر آیا ہوں سیاسی گفتگو کرنے نہیں آیا۔


متعلقہ خبریں