یورپ کی تاریخ کا سب سے گرم دن


یورپ کی تاریخ کا گرم ترین دن آج اٹلی میں ریکارڈ کیا گیا جہاں کا درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یورپ کی تاریخ کا گرم ترین دن اٹلی کے جزیرے سسلی میں ریکارڈ کیا گیا اس سے قبل یورپ میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 1978 میں ایتھنز میں 47.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

یورپ میں بڑھتے درجہ حرارت کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں جبکہ خشک سالی کا بھی خطرہ بڑھ گیا ہے۔

اٹلی کے موسمیاتی معلومات کی سروس (ایس آئی اے ایس) کے مطابق سیراکیوز شہر میں گرمی کی شدت سب سے زیادہ 48.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔ یہ شہر جزیرے کے جنوبی مشرقی ساحل پر واقع ہے۔

گرمی کی شدت میں ریکارڈ توڑ اضافے کے باعث جنگلات کے مختلف حصوں میں آگ لگنے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔

اٹلی کے شہر سیراکوس کے میئر نے اس بارے میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث گرمی کی بڑھتی شدت نے ہمیں پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے اور اس وقت ہم مکمل طور پر ایمرجنسی کی صورتحال میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں کرپشن کا الزام، 207 افسران گرفتار

اٹلی کی وزارت صحت نے شدید گرمی کے باعث مختلف علاقوں میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

فائر فائٹر حکام نے کہا ہے کہ وہ سسلی اور کلابریہ میں آگ لگنے کے 3 ہزار سے زائد واقعات سامنے آ چکے ہیں۔

یونانی حکام نے بھی اپنے شہریوں کو شدید گرمی کے باعث غیر ضروری سفر کرنے سے روک دیا ہے۔ یونان میں بھی درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو رہا ہے۔

اسپین اور پرتگال میں بھی گرمی کی شدت بڑھنے اور ہیٹ ویو کا خطرہ ہے۔


متعلقہ خبریں