چیلنجز : ذاتی اناء اور عناد سے بالا تر ہو کر فیصلے کرنا ہوں گے، شہباز شریف

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج وقت کی اہم ضرورت ہے کہ بھائی چارے، رواداری اور تحمل مزاجی کو اپنا کر قوم کو یکجا کیا جائے۔ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی ذاتی اناء اور عناد سے بالا تر ہوکر فیصلے کرنا ہوں گے۔

پاکستان کے 74 ویں یوم آزادی پر قوم کے نام پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ یہ ملک خدا داد لازوال قربانیوں اور ایک عظیم جدو جہد کے نتیجے میں حاصل کیا گیا۔ شاعر مشرق علامہ اقبال نے جو خواب دیکھا اس کی تعبیر کے لیے مسلمانان ہند نے قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں بھرپور جدوجہد کے نتیجے میں تاریخ رقم کی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن اللہ تعالی کے بے پایاں فضل و کرم سے ہمیں آزادی جیسی نعمت حاصل ہوئی اور دنیا کے نقشے پر ہم ایک آزاد قوم کی حیثیت سے ابھرے۔

مزید پڑھیں: اب کی بار، بھیگا بھیگا یوم آزادی

شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے اس ملک کی خدمت کی ہے اور اقوام عالم میں عزت کا مقام دلوانے کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے ہیں۔ اس ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے سے لے کر لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کا خاتمہ، ملک میں موٹرویز کا جال اور سی پیک جیسے عظیم منصوبے کے تحت تاریخی سرمایہ کاری مسلم لیگ ن کی اس ملک کے لیے خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

ن لیگ کے صدر نے کہا کہ آج کا دن اس عزم کے اعادے کا بھی دن ہے کہ اس ملک کو حقیقی معنوں میں قائد اعظم کا پاکستان بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ  میں یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔  شہبازشریف نے پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں ملکی امن و سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ محرم الحرام کے احترام میں تقریب انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔

متعلقہ خبریں