پاکستان:دہشتگردی میں 92 فیصد کمی آچکی ہے، مریم اورنگزیب


اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں جس کے نتیجے میں اب دہشت گردی کے واقعات میں 92 فیصد تک کمی آچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممالک کا تشخص بدلنے میں میڈیا سفیر کا کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی اہمیت کو جھٹلایا نہیں جاسکتا اور حالات کی تبدیلی کے ساتھ میڈیا کی ذمہ داریاں بھی تبدیل ہورہی ہیں۔

وہ جنوبی ایشیا میڈیا کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی اہمیت کو جھٹلایا نہیں جاسکتا اورحالات کی تبدیلی کے ساتھ میڈیا کی ذمہ داریاں بھی تبدیل ہورہی ہیں۔

شرکائے کانفرنس کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علاقائی مسائل کے حل کے لیے میڈیا کا کردار اہم ہے اور مسائل کے حل کے لیے بات چیت ضروری ہے۔

وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹی خبروں کا خاتمہ دنیا بھر میں موضوع بحث ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی روابط کے فروغ سے درپیش مسائل میں کمی آسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت مستحکم ہورہی ہے اورجمہوریت پنپنے سے اداروں کا ارتقا بھی ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا نے کئی چیلنجز کا سامنا کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب کا سی پیک کے حوالے سے کہنا تھا کہ سی پیک سے خطے میں ترقیاتی انقلاب آ رہا ہے، میڈیا سی پیک کے خطے کیلئے فوائد کو اجاگرکرے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے تجویز پیش کی کہ شرکائے کانفرنس اظہار رائے کی آزادی کے لیے تجاویز کا تبادلہ کریں۔ انہوں نے شرکائے کانفرنس کی میزبانی کو اپنے لیے باعث مسرت بھی قرار دیا۔


متعلقہ خبریں