بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کے صدر منتخب


مظفر آباد: بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کے صدر منتخب ہو گئے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کے 28 ویں صدر منتخب ہو گئے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے 34 ووٹ حاصل کیے۔

متحدہ اپوزیشن کے امیدوار میاں عبدالوحید نے 16 ووٹ حاصل کیے۔

نومنتخب صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قیادت اور وزیر اعظم پاکستان کا شکر گزار ہوں۔ پی ٹی آئی میں گروپ بندی کا پروپیگنڈا کرنے والے ناکام ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی وزیر اعظم پاکستان کی قیادت میں متحد ومنظم ہے جبکہ صدر کا عہدہ پروٹوکول نہیں بلکہ مسائل حل کرنے کے لیے ہے۔ مسئلہ کشمیر کے لیے صدارتی منصب مؤثر انداز میں کردار ادا کر سکتا ہے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ماضی میں صدر کے منصب سے خاطر خواہ کام نہیں لیا جا سکا تاہم میں بین الاقوامی سطح پر کشمیر کے لیے کام کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی آئینی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔

بیرسٹر سلطان محمود نے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد 1983 میں برطانیہ کو خیرباد کہہ کر آزاد مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا، انہوں نے 1985 میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے پہلے انتخابات میں حصہ لیا اور کامیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن مان گیا، آئندہ انتخابات ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہوں گے ،شبلی فراز

بیرسٹر سلطان محمود نے مجموعی طور پر 11 مرتبہ انتخابات میں حصہ لیا جن میں سے وہ 9 میں کامیاب قرار پائے اور 2 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: رکن پنجاب اسمبلی کو عدالت نے بحال کر دیا

بیرسٹر سلطان محمود کو پہلی شکست 1991 میں مسلم کانفرنس کے سابق وزیر ارشد محمود غازی مرحوم کے مقابلے میں ہوئی جبکہ دوسری مرتبہ وہ 2016 کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار اور سابق وزیر چوہدری محمد سعید کے مقابلے میں ناکام ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں