اسلام آباد: امریکی نژادخاتون سنتھیارچی پراسرار طور پر بے ہوش


اسلام آباد میں قیام پذیر امریکی نژاد خاتون سنتھیارچی اپنے فلیٹ میں پراسرار طور پر بے ہوش پائی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سینتھیا رچی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کا طبی معائنہ جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

امریکی نژاد سنتھیارچی کا پولی کلینک اسپتال میں علاج جاری ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سینتھیارچی کو میڈیکل آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔

سنتھیارچی کی حالت مستحکم ہے۔ معدے میں کسی بھی زہریلے مواد کی موجودگی جانچنے کیلئے نمونہ لیبارٹری بھجوایا ہے۔ رپورٹس کے نتائج آنے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جاسکے گا۔

سنتھیارچی کا نام پاکستانی میڈیا میں اس وقت آیا جب انہوں نے پیپلزپارٹی سابق سینیٹر رحمان ملک اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر ہراسمنٹ کا الزام لگایا۔

امریکی شہری سنتھیا رچی کی جانب سے ایک ویڈیو میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں پر ریپ اور تشدد کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ یوسف رضا گیلانی اور رحمان ملک نے الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔

سنتھیا رچی کے بقول وہ لکھاری، میڈیا ڈائریکٹر اور پروڈیوسر ہیں اور پاکستان کے حوالے سے ایک ڈاکومنٹری بھی بنا رہی ہیں۔

سنتھیا نے گذشتہ دس سالوں کے دوران پاکستان میں قیام کے دوران تقریباً تمام سیاسی رہنماؤں کے علاوہ متعدد اعلیٰ سول اور عسکری افسران کے ساتھ بھی اپنی تصاویر ٹویٹ کیں۔

وہ پاکستان کے قبائلی علاقات، کشمیر کے علاوہ مختلف سیاحتی مقامات پر حکام کے ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیوز بھی شئیر کرتی رہتی ہیں۔

 


متعلقہ خبریں