سندھ میں مزید ایک ہفتہ تعلیمی ادارے بند



وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ  کراچی سمیت سندھ بھرمیں اسکولز ایک ہفتہ مزید نہیں کھلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پورے صوبے میں تعلیمی ادارے30 اگست سے کھلیں گے۔ ایک ہفتے میں والدین، اساتذہ اور اسٹاف ویکسین لگوائیں۔

مرادعلی شاہ نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں داخل ہونے سے قبل اساتذہ، طلبا اوروالدین کو کورونا سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔

مرادعلی شاہ کی پریس کانفرنس کے بعد پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنزنے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

طارق شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ کی پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنزاحتجاج کرنے پرغور کر رہی ہے۔ اجلاس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ آئندہ کا لائحہ عمل کیا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب بات پریس کانفرنس اور مطالبات سے آگے نکل چکی ہے۔ جو پرائیویٹ اسکولز ویکسی نیشن کا عمل مکمل کر چکے ہیں، انہیں کیوں بند رکھا جا رہا ہے؟

یہ بھی پڑھیں: طلباء کو امتحانات میں 5 فیصد اضافی نمبرز دینے کا فیصلہ

خیال رہے کہ سندھ بھر میں تعلیمی ادارے9اگست کو کھولنےکا فیصلہ کیا گیا لیکن کورونا کی صورتحال دیکھتے ہوئے تاریخ بڑھا دی گئی۔

بعد ازاں تعلیمی ادارے23 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، لیکن اب  فیصلہ کیا گیا ہے تعلیمی ادارے30 اگست کو کھلیں گے۔

یونیورسٹیاں بھی صورتحال بہتر ہونے پر محرم کے بعد کھولی جائیں گی۔ تمام ادارے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھول دیے جائیں گے۔

محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ جن اسکولوں میں 100 فیصد ویکسینیشن ہو چکی ہے وہ 100 فیصد حاضری کے ساتھ کھولے جا سکتے ہیں۔

صوبائی محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ تمام اساتذہ اور تعلیمی اداروں کا دیگر عملہ ویکسی نیشن لازمی کرائے، ورنہ تنخواہ نہیں ملے گی۔


متعلقہ خبریں