لاہور واقعہ: 40ملزمان کا جوڈیشل ریمانڈ، جیل میں شناخت پریڈ ہو گی


لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے بدسلوکی  اور دست درازی کے کیس میں گرفتار 40 افراد کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے شناخت پریڈ کے لیے جیل بھجوا دیا۔

آئی جی پنجاب انعام غنی کے مطابق، اب تک 66 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ملزمان کو ویڈیو اور تصاویر میں شناخت ہونے پر گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: گریٹر اقبال پارک واقعہ، ڈی آئی جی آپریشنزسمیت اعلیٰ افسران معطل، ملزمان کی شناخت ہوگئی

گرفتار تمام ملزمان کی پہلے نادرا سے شناخت کروائی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق کیس میں 100 سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا تھا

زیر حراست 40 ملزمان کو آج لاہور کی مقامی عدالت  میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے شناخت کے لیے انہیں جیل بھجوا دیا گیا۔ اب متاثرہ خاتون جیل میں ملزمان کی شناخت کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: گریٹراقبال پارک میں خاتون سے دست درازی، کیس میں مزیددفعات شامل

ادھر پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا ہےکہ پولیس نے جیو فینسنگ کے ذریعے 28 ہزار افراد کی نشاندہی کی،جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے 350 افراد کی نشاندہی ممکن ہوئی، شناخت ہونے والے افراد میں سے 66 گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو سزائے موت یا عمر قید ہو سکتی ہے۔

فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں کہ رکشہ واقعے کے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہوچکاہے۔

یاد رہے کہ چودہ اگست کو مینار پاکستان کے گراونڈ میں ہجوم کی طرف سے خاتون کے ساتھ دست درازی اور بدسلوکی کا واقعہ  پیش آیا تھا۔


متعلقہ خبریں