کراچی میں زلزلے کے جھٹکے


کراچی: شہر قائد میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

زلزلہ پیما مرکزکے مطابق کراچی میں آنے والے زلزلے کی شدت 3 اعشاریہ ایک ریکارڈ کی گئی ہے جس کی گہرائی 15 کلو میٹر تھی۔

زلزلے کا مرکز کراچی سے 72 کلو میٹر شمال مشرق کی جانب تھا۔ زلزلہ 11 بجکر 39 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا۔ زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل سوات اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.6 ریکارڈ کی گئی تھی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 118 کلو میٹر تھی اور مرکز کوہ ہندو کش کا پہاڑی علاقہ تھا۔ زلزلے کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

اس سے قبل 7 اگست کو بھی سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی تھی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 151 کلو میٹر اور مرکز کوہ ہندو کش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔


متعلقہ خبریں