خاتون پر تشدد، دو خاندانوں کی لڑائی، معاملہ میرپورکا نکلا


خاتون کے ساتھ بدتمیزی اور تشدد والی تیسری ویڈیو آزاد کشمیر کے ضلع میرپورکی ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ آئی جی آزاد کشمیرپولیس سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ مذکورہ ویڈیومیرپور آزاد کشمیر کے شہری نے ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کی تھی۔

مذکورہ ویڈیو جھری کس فیملی پارک میرپور آزاد کشمیر کی ہے۔ میرپور پولیس کا کہنا ہے کہ 14اگست کی شام 6بجے پارک میں آنے والی 2فیملیز کے درمیان جھگڑا ہوا۔

میر پورکے شہری نے جھگڑے کی ویڈیو بنا کر اپ لوڈ کی اور پھر کچھ دیر بعد ڈیلیٹ کردی تھی۔ مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر چلتی رہی اور پھر وائرل ہوگئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون سے دست درازی کیس، ملزمان کو سزائے موت یا عمر قید ہو گی

آزادکشمیر پولیس مذکورہ ویڈیو سے متعلق قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

ایس ایچ او تھانہ اسلام گڑھ عامرفاروق کا کہنا ہے کہ میرپور آزاد کشمیر میں 14 اگست کو فیملی کے جھگڑے کا واقعہ پیش آیا۔پارک میں جھولے پر باری لینے پر جھگڑا ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فیلمز میں سے کسی نے پولیس میں رپورٹ درج نہیں کرائی۔ جھگڑنے والی فیملیز کا تعلق میرپور سے نہیں ہے۔ پولیس اس معاملے پر مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

ہم نیوز کے پاس موجود ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے نوجوان سفید کپڑوں میں ملبوس خاتون سے مار پیٹ کرتے رہے۔تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون نے سفید کپڑے اور سبز رنگ کا دوپٹہ گلے میں ڈال رکھا تھا۔ قبل ازیں قیاس کیا جارہا تھا کہ یہ ویڈیو بھی لاہور کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گریٹر اقبال پارک مقدمہ: پولیس کے چھاپے، 20 افراد کو حراست میں لے لیا

یاد رہے کہ اس سے قبل مینارپاکستان اور راوی روڈ پر خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔

پولیس خواتین کے تشدد کی ویڈیوز کو مد نظر رکھتے ہوئے ملزمان کی تلاش کر رہی ہے۔ دونوں واقعات کی الگ الگ ایف آئی آرز درج ہو چکی ہیں۔

مینار پاکستان والے واقعہ میں چند ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے اور دیگر کی تلاش جاری ہے۔ حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ خواتین کیساتھ ظلم و زیادتی کرنے والے کسی ملزم کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

پولیس ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کیلئے نادرا سمیت دیگر اداروں سے بھی مدد لے رہی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ معاشرے میں خواتین کے تحفظ کیلئے قدم اٹھایا جائے گا اور ایسے جرائم میں ملوث ملزمان کو مثالی سزائیں دی جائیں گے۔


متعلقہ خبریں