الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا مقصد ووٹ چوری کو سہولت دینا ہے، شاہد خاقان عباسی


پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) نے حکومت کی انتخابی اصلاحات کو ایک بار پھر مسترد کر دیا۔

اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا مقصد ووٹ چوری کو سہولت دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یہ یکطرفہ انتخابی اصلاحات کی بات ہے، جب تک الیکشن کا نظام شفاف نہیں ہو گا پاکستان میں جمہوریت نہیں پنپ سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ جلسوں اور ریلیوں کا شیڈول طے کرلیا ، سفارشات اٹھائیس اگست کے سربراہی اجلاس میں رکھیں گے۔ تمام حقائق اکٹھے کر کے حکومتی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کریں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عوامی مشکلات میں کمی کیلئے راستہ دکھائیں گے، حکومت کی 3 سالہ کارکردگی، ان کی کرپشن اور نااہلی قوم کے سامنے لائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ملک کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے نظام کی اصلاح کریں، پی ڈی ایم آئینی بالادستی کی بات کررہی ہے۔

ملکی حالات کے مطابق فوری انتخابات ہونے چاہیئیں، شاہد خاقان عباسی

سابق وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان پر پالیسی طے کرنے کیلئے پارلیمان میں بحث ہی واحد راستہ ہے۔

دوسری جانب وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات  فرخ حبیب نے شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر چکا ہے،جلسے جلوس استعفوں،عدم اعتماد، لانگ مارچ کی سب سازشیں ناکام ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی بیروزگاروں کا ٹولہ احتساب سے بچنے کیلئے این آر اوچاہتا ہے جو نہیں ملے گا۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کو مسترد کرنے والی اپوزیشن ٹھپا مافیا کو پروان چڑھانا چاہتی ہے، ای وی ایم کے ذریعے انتخابات کو صاف شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کا رونا رونے والوں کے پاس انتخابی اصلاحات سے بھاگنے کا کوئی جواز نہیں۔


متعلقہ خبریں