نور مقدم کیس:تھراپی سینٹر کےمالک سمیت6 ملزمان کی ضمانتیں منظور


اسلام آباد: نور مقدم کیس میں گرفتار6 ملزمان کی ضمانتیں منظور کرلی گئی ہیں۔ مقامی عدالت کے جج عطاء ربانی نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق تھراپی ورکس کے سی ای او طاہرظہورسمیت چھ ملزمان کی ضمانتیں منظور کی گئی ہیں۔

عدالت نے ملزمان کو پانچ پانچ لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ ضمانت پانے والے ملزمان میں تھراپی سنٹر کا مالک ڈاکٹر طاہرظہور اور وامق ریاض شامل ہیں۔

ملزمان دلیپ کمار، ثمرعباس، عبدالحق اور امجد محمود کی ضمانت بھی منظور کر لی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نورمقدم کیس: تفتیش مکمل، ظاہر جعفر کو جیل بھیج دیا گیا

خیال رہے کہ مرکزی ملزم ظاہر جعفر سمیت دیگر ملزمان کے نام بلیک لسٹ میں شامل کر دیے گئے تھے۔

ای سی ایل میں شامل ہونے والے ملزمان میں ظاہر جعفر اور ان کے والدین کے علاوہ دو گھریلو ملازمین کے نام شامل ہیں۔

یاد رہے کہ سابق سفیر شوکت مقدم کی صاحبزادی نور مقدم کو ظاہر جعفر نے 20 جولائی کی شام اسلام آباد میں اپنے گھر پر قتل کر دیا تھا۔

پولیس نے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو جائے وقوعہ سے گرفتار کیا تھا جبکہ ان کے والدین کی گرفتاری 25 جولائی کو عمل میں آئی تھی۔

 


متعلقہ خبریں