نیب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے داماد کو بھی طلب کر لیا

فوٹو: فائل


لاہور: قومی احتساب بیورو ( نیب )  لاہور نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کےداماد علی عمران کو 21 مئی کو طلب کرلیا ہے۔

نیب لاہور نے علی عمران کو صاف پانی کمپنی مبینہ کرپشن کیس میں طلب کرتے ہوئے ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

اس سے قبل نیب  لاہور نے وزیراعلیٰ پنجاب  شہباز شریف کو چار جون اور ان کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کو 18 مئی کو طلب کیا تھا، دس مئی کو نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حمزہ شہباز کو صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں طلب کیا گیا۔

نیب اعلامیے کے مطابق  وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے صاف پانی کمپنی کیس کے حوالے سے پوچھ  گچھ  کی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب کو نیب کی جانب سے سوالنامہ بھی بھجوایا جا چکا ہے۔

نیب لاہور صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں چار اعلیٰ افسران ناصر قادر بھدل، ڈاکٹر ظہیر الدین، محمد سلیم اور محمد مسعود اختر کو پہلے ہی گرفتار کرچکی ہے۔

گیارہ فروری 2018 کو سپریم کورٹ میں صاف پانی ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عدالت میں پیش ہوکر یقین دہانی کرائی تھی کہ تین ہفتوں میں صاف پانی کی فراہمی اور واٹر ٹریٹمنٹ کا منصوبہ پیش کردیں گے۔

 


متعلقہ خبریں