پہلے ڈانٹ پھر معافی: نذیر چوہان کو نیا ٹاسک مل گیا


جہانگیرترین گروپ کو چھوڑنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان نے وزیراعظم سے معافی مانگ لی۔ کہتے ہیں کہ تھوڑی ڈانٹ پڑی پھر عمران خان راضی ہو گئے۔

وزیراعظم عمران خان جب لاہور پہنچے تو نذیر چوہان ملاقات کرنے پہنچ گئے، اپنے بیانات پر شرمندگی کا  اظہار کیا ، کچھ یقین دہانیاں کرائیں  اور آئندہ ان کا ساتھ نہ چھوڑنے کے وعدے کیے۔

یہ بھی پڑھیں: نذیر چوہان کا جہانگیر ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے پہلے ڈانٹا، پھر سمجھایا اور آئندہ کے لیے 2 ٹاسک بھی سونپ دیئے۔

نذیر چوہان نے میڈیا کو بتایا کہ معافی مل گئی، وزیراعظم نے ذمہ داری بھی لگائی ہے کہ جہانگیر ترین سے ناراض ارکان کو دوبارہ متحرک کریں اور لاہور کو تحریک انصاف کا قلعہ بنائیں۔

نذیر چوہان  کے مطابق وزیر اعظم عمران خان  نے انہیں بلدیاتی انتخاب کی تیاری کی بھی ہدایت کی ہے۔

مزید پڑھیں:نذیر چوہان نے ترین گروپ کیوں چھوڑا؟ راجہ ریاض کا انکشاف

خیال رہے کہ مئی کے وسط میں شہزاد اکبر نے لاہور کے تھانہ ریس کورس میں ایک درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا تھا کہ نذیر چوہان نے ایک ٹی وی چینل پر بیٹھ کر ان کے عقیدے سے متعلق ایسی بات کی ہے جس سے ان کی اور ان کے اہلخانہ کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

نذیر چوہان کو سائبر کرائم کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا، بعد میں انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کر لی اور صلح کے بعد ان کی ضمانت پر رہائی ہوئی ، جیل سے باہر آتے ہی نذیرچوہان نے جہانگیر ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں