تحریک انصاف ایم کیو ایم کا دوسرا روپ ہے، بلاول بھٹو


کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مجھے معلوم ہوتا کہ ہمارے جلسے سے ایم کیو ایم کے دھڑے ایک ہوجائیں گے تو بہت پہلے جلسہ کرلیتے۔

کراچی کے باغ جناح میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم لسانیت کے نام پر کراچی کے شہریوں کو گزشتہ کئی دہائیوں سے گمراہ کرتی رہی ہے، تحریک انصاف  بھی ایم کیو ایم سے کم نہیں، اس کا اندازہ دو روز قبل ہوگیا ہے لیکن تحریک انصاف کے شرمناک عمل کے باوجود اپنے کارکنوں کو جلسے کے لیے دوسری جگہ ڈھونڈنے کا کہا اورعمران خان کو حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ 12 مئی کے دن سے تحریک انصاف کا کوئی لینا دینا نہیں، عدلیہ بحالی تحریک میں پیپلزپارٹی کے 14 جیالے شہید ہوئے تھے اور اُسی مناسبت سے جلسہ رکھا گیا تھا، 12 مئی کو ہم نے جس چیف کے لیے جانیں دیں ، وہ انصاف کیا دیتا، وہ تو تعزیت کے لیے بھی نہیں آیا تھا۔

بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ کراچی ہمارا ہے اور ہم کہیں بھی جلسہ کرسکتے ہیں، پیپلزپارٹی مختصر وقت میں جلسہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کوٹہ سسٹم میرے نانا نے نہیں پاکستان کے پہلے وزیراعظم خان لیاقت علی خان نے شروع  کیا تھا۔

انہوں نے کراچی میں گندگی کا ذمہ دار ایم کیو ایم کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس اربوں روپے ہیں پھر بھی یہ اختیارات کا رونا روتے ہیں، ہم نے سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ بنایا لیکن مستقل قومی مصیبت  نے اس کی گاڑیوں میں خورد برد کردی کیونکہ ایم کیو ایم شہر قائد کو صرف لاشوں کے تحفے ہی دے سکتی ہے۔

بلاول بھٹو نے عام انتخابات کے بعد سمندری پانی کو صاف کرنے کے لیے پلانٹ لگانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ شہر کی خدمت کی ہے۔

 


متعلقہ خبریں