پاک آئرلینڈ میچ: دوسرے دن کا کھیل بھی بارش کے باعث روک دیا گیا


ڈبلن: پاکستان اور آئرلینڈ کے مابین کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ دوسرے روز بھی بارش کے باعث روک دیا گیا۔

گرین کیپس نے کھیل کے دوسرے روز میزبان ٹیم کی دعوت پر اپنی اننگز کا آغاز کیا اور چھ وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔

پاکستان کو کھیل کے آغاز میں ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب دونوں اوپنرز اظہر علی اور امام الحق 13 کے مجموعی اسکورپر یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو گئے، اظہر علی صرف چاررنز بنا کرمیزبان کپتان پورٹر فیلڈ  اور امام الحق سات رنز بنا کر مرتغ کا شکار بنے۔

حارث سہیل اور اسد شفیق نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 58 رنز جوڑے، حارث سہیل جب پورٹر فیلڈ کا دوسرا شکاربنے تو ٹیم کا مجموعی اسکور 71 تھا، اسد شفیق نے بابر اعظم کے ساتھ  مل کر مزاحمت کی کوشش کی لیکن بابر اعظم 104 کے مجموعی اسکور پر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

پانچویں وکٹ اسد شفیق کی گری، انہوں نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان سرفراز احمد 20 رنز ہی بنا سکے، جب دوسرے دن کا کھیل بارش کے باعث روکا گیا تو شاداب خان 52 اور فہیم اشرف 61 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

میزبان آئرلینڈ کی جانب سے ٹم مرتغ، بائیڈ رینکن اور پورٹرفیلڈ نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز بھی بارش کی نذر ہوا تھا اور ٹاس بھی ممکن نہیں ہو سکا تھا۔

پہلا دن ضائع ہو نے کے بعد میچ کے چاروں دن اب 90 اوورز کے بجائے 98 اوورز کرائے جائیں گے، ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا اسٹیٹس ملنے کے بعد آئرش ٹیم پہلی مرتبہ کسی بھی ٹیم کے خلاف ٹیسٹ کھیل رہی ہے۔


متعلقہ خبریں