عمران خان نے کراچی کو عظیم شہر بنانے کے لئے دس نکات پیش کر دیے


کراچی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کراچی کو عظیم شہر بنانے کے لئے 10 نکات پیش کردیے۔

گلشن اقبال میں آلہ دین پارک سے متصل بدھ  بازار گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس شہر کے لوگ سب سے زیادہ باشعور تھے اور ناانصافی کے خلاف کھڑے ہوا کرتے تھے لیکن اب ان کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کراچی کو عظیم شہر بنانے کے لیے اپنے دس نکاتی پروگرام کا علان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پہلا نکتہ کراچی کے لئے پانی کا مسئلہ حل کرنا ہے، اس کے لئے اوپر کی قیادت میں تبدیلی ضروری ہے، بلدیاتی اداروں کو اختیارات دیں گے، میئر کے لئے براہ راست انتخاب کرائیں گے اورتجربہ کار شخص کو میئر بنائیں گے۔

عمران خان نے نظام تعلیم کی بہتری کو دوسرا نکتہ قرار دیا اور کہا کہ وہ کراچی کا نظام تعلیم بہتر بنائیں گے، سرکاری اداروں میں اصلاحات کریں گے اورعالمی معیار کی جامعات تعمیر کریں گے۔

تیسرے نکتے کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں صحت کی صورتحال بہتر بنائیں گے اورسرکاری اسپتالوں میں اصلاحات لائیں گے جس طرح خیبرپختونخوا میں صحت کے شعبے میں بہتری لائی گئی اسی طرح کراچی میں بھی اس حوالے سے کام کیا جائے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے پولیس کے نظام میں بہتری کو کراچی کے لئے چوتھا نکتہ قرار دیا اور کہا کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ پولیس کا نظام بہتر بنائیں گے تاکہ رینجرز کی موجودگی کی ضرورت نہ پڑے، خیبر پختونخوا کی پولیس آزاد ہے، وہاں کوئی راؤ انوار یا عابد باکسر نہیں جو حکمرانوں کے کہنے پرماورائے عدالت قتل کرے۔

انہوں نے کاروبار کے لئے ماحول بہتر بنانے کو پانچواں نکتہ قرار دیا اور کہا کہ تحریک انصاف تمام دنیا سے سرمایہ کاری پاکستان لائے گی، اس کے لئے شیڈو وزیر خزانہ اسد عمرنے بہت کام کیا ہے۔

انہوں نے کراچی کے اصلاحاتی پیکج میں بجلی کو اگلا نکتہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بجلی کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں وہ پورا ایک منصوبہ پیش کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ نوجوان ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، ان کے لئے کھیلوں کے نئے میدان فراہم کیے جائیں گے تاکہ کراچی سے ایک بار پھر اسٹار کھلاڑی پیدا ہونے لگیں۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے ماحول کی بہتری کے حوالے سے کہا کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد کراچی سمیت تمام شہروں میں شجرکاری کی جائے گی اور صفائی کا انتظام بہتر بنایا جائے گا۔

ٹرانسپورٹ کو نواں نکتہ قرار دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کراچی کے لئے سرکلر ریلوے اور میٹرو ٹرین چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لئے پی ٹی آئی کا دسواں نکتہ بیروزگاری کا خاتمہ ہے۔

اپنی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جب میں نے سیاسی جماعت بنائی تو دس سال مسلسل میرا مذاق اڑایا جاتا رہا، میں بڑے خواب دیکھتا ہوں اس لئے اللہ نے مجھے کامیابی عطا کی۔

بانی ایم کیوایم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مہاجروں کی فکر کا دعویٰ کرتے ہیں اور خود 30 سال سے برطانیہ بیٹھے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، چین نے اس لئے ترقی کی ہے کیونکہ وہاں کرپشن پر موت کی سزا دی جاتی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی نہیں ہے، بچے بھوک سے مر رہے ہیں اور حکمران جماعت کے رہنماؤں کے اربوں روپے ملک سے باہر ہیں۔


متعلقہ خبریں