پی ڈی ایم کے پاس ہے کیا ؟ اسلام آباد آنے پر قانون کے مطابق سلوک ہو گا، وزیر داخلہ


اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اسلام آباد آئی تو قانون و آئین کے مطابق سلوک ہو گا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  ملک بھر میں کرائسز سیل 911 ہیلپ لائن قائم کر دی جائے گی۔ ایف آئی اے نے تاریخی ریکوری کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی سیاست پاکستان کے ارد گرد ہو رہی ہے جبکہ بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈے میں مصروف ہے۔ دنیا یہ نہ بھولے ہمارے 80 ہزار شہری شہید ہوئے۔

افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ افغانستان صورتحال پر گہری نظر ہے اور پاک فوج نے امن کے قیام کے لیے جدوجہد کی جبکہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں اہم ملک بننے جا رہا ہے اور پی ڈی ایم لاری اڈہ لاری اڈہ کھیل رہے ہیں۔ پاکستان ذمہ دار ایٹمی قوت کا حامل ملک ہے اور افغانستان سے آنے والوں کے لیے 21دن اور ایک ماہ کے ٹرانزٹ ویزے دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی پر اجلاس: افسران نے معطلیاں گنوا دیں، کارروائی ناکافی، نتائج بتائیں، وزیراعظم

وزیر داخلہ نے کہا کہ حزب اختلاف میں دنیا کے حالات سمجھنے کی صلاحیت نہیں ہے اب یہ اسلام آباد آئیں تو قانون اور آئین کے مطابق سلوک ہو گا۔ پاکستان کی سیاست بدلنے جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف بیچتی کیا ہے؟ ان کا سودا بک گیا ہے۔ اب حزب اختلاف پچھتائے گی اور 2 سال میں نیب کیسز کا فیصلہ ہو جائے گا۔ہمیں ایک اور نیک ہو کر ملک کا بہتر تشخص اجاگر کرنا چاہیے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ طالبان نے یقین دلایا ہے افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔ 2 ہزار 600 کلومیٹر کی سرحد پر باڑ لگائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کیسز انتخابات سے پہلے حل ہو جائیں گے۔


متعلقہ خبریں