ڈیل اسٹین نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

ڈیل اسٹین کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

فائل فوٹو


جنوبی افریقا کے مایہ ناز فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق 38 سالہ اسٹین انجریز کے باعث حالیہ برسوں میں زیادہ کرکٹ نہیں کھیل پائے، انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری پیغام میں کہا کہ میرا کیئریر تلخ اور یادگار رہا جس کے لیے سب کا شکریہ!

ڈیل اسٹین نے کہا کہ میرا 20 سالہ سفر سیکھنے، میچز کھیلنے، ہار جیت، انجریز، جیٹ لیگ، خوشی اور غم کے حالات کے ساتھ ساتھ بھائی چارے پر مشتمل رہا۔ میرے پاس بتانے کے لیے بہت سی یادیں ہیں، اور بہت سے چہروں کا میں شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے ان تمام یادوں کو آپ ساتھ شیئر کرنے کے لیے ایک لمبا عرصہ چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج میں باضابطہ طور پر اس کھیل سے ریٹائر ہو گیا ہوں جس سے مجھے سب سے زیادہ محبت ہے۔ صحافیوں سے لے کر مداحوں تک سب کا شکریہ۔

اپنی تیز اور سوئنگ بولنگ سے بلے بازوں پر دھاک بٹھانے والے بولر ڈیل اسٹین نے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز 2003 میں نادرن کی نمائندگی کرتے ہوئے کیا۔

اگلے ہی سال پورٹ الزبتھ میں ڈیل اسٹین نے انگلینڈ کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیرئر کا آغاز کیا۔

انہوں نے 93 ٹیسٹ میچز میں (22.95 کی اوسط سے 439 وکٹیں)، 125 ون ڈے (196، 25.95) اور 47 ٹی ٹوئنٹی میچز میں (64، 18.35) وکٹیں حاصل کیں۔

کیریئر کے عروج پر ڈیل اسٹین کی دنیا بھر کی ٹی ٹوئٹی لیگز میں بہت زیادہ مانگ تھی۔ انہوں نے انگلینڈ، بھارت، آسٹریلیا، پاکستان، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا میں مختلف فرنچائزز کی نمائندگی کی۔


متعلقہ خبریں