ماؤں کا عالمی دن: رشتہ انمول، محبت بے لوث


آج دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ماں جیسی عظیم ہستی کو خراج تحسین پیش کرنے کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔

ماں ایک ایسا لفظ ہے جسےسنتے ہی ذہن میں شفقت، خلوص، صبر اور قربانی سے بھری ایک ہستی کا خیال ابھرتا ہے۔ کائنات کے مصور نے خوبصورت جذبوں کو ماں کا روپ دے کر اس دنیا میں بھیجا ہے۔ قدرت کا وہ تحفہ جس کا کوئی نعم البدل نہیں وہ صرف ماں ہے۔

روحانہ یاسر ایک سالہ زوحان کی ماں ہیں۔ ان کی زندگی اپنے ننھے بیٹے کے گرد گھومتی ہے۔ بن بولے اپنے بیٹے کی ہر ضرورت کو سمجھنے والی روحانہ کا ماننا ہے کہ ان کا اپنے بیٹے سے رشتہ انمول ہے۔ زوحان کی ماں کو دن رات اپنے بیٹے کی راحت کا خیال رہتا ہے۔

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے روحانہ یاسر نے ماں کو اللہ تعالی کی رحمت قراردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ زوحان کی پرورش میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھنا چاہتیں۔ وہ مانتی ہیں کہ اچھی مائیں ہی معاشرے کو بہترین افراد مہیا کرتی ہیں جو خوبصورت معاشرہ تشکیل دیتے ہیں۔

محبت سے سرشار ایک طرف روحانہ یاسر ہیں تو دوسری طرف زندگی کی جدوجہد میں مصروف ایک اورماں زبیدہ بی بی ہیں۔ وہ آج کے دن کی اہمیت سے بے خبر تندور پر زندگی کی ’گاڑی‘ گھسیٹنے کے لیے روٹیاں لگا کر دوسروں کے پیٹ کی ’آگ‘ بجھانے میں مصروف ہیں۔

صادق آباد کی زبیدہ بی بی گزشتہ پندرہ سال سے اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے ساتھ ساتھ ان کو تعلیم بھی دلوا رہی ہیں۔ یہ عظیم ماں اپنے جگر گوشوں کے لیے دن بھر کاموں میں جتی رہتی ہے۔ زبیدہ بی بی کے محنت کش ہاتھ آگ کی شدت کو اپنے اندر اس قدر جذب کر چکے ہیں کہ اب انہیں آگ کی تپش کا احساس ہی نہیں ہوتا ہے۔

زبیدہ بی بی کی 15 سالہ بیٹی مریم بھی اسکول سے واپسی پر اپنی ماں کا ہاتھ بٹاتی ہے۔ ’مدرز ڈے‘ کے موقع پر مریم نے اپنی ماں کو پھول پیش کیے تو ان کی آنکھیں نم ہوگئیں۔ زندگی کی تمام تلخ حقیقتوں کا انتہائی دلیری سے مقابلہ کرنے والی زبیدہ بی بی نے اپنے کام کو کبھی بھی باعث شرمندگی نہیں سمجھا۔

زبیدہ بی بی ان لوگوں کے لیے ایک بہترین مثال ہیں جو چھوٹی چھوٹی مشکلات پرپریشان ہوجاتے ہیں اور ہمت ہار بیٹھتے ہیں۔

پاکستان کی وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب بھی ایسی ہی ایک باہمت اور بہادر ماں کی بیٹی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ماں ایک ایسا رشتہ ہے جس کا اظہارالفاظ میں نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہنا ہےکہ ماں اور اولاد کا رشتہ لازوال ہے جسے کوئی اور نہیں سمجھ سکتا۔

ماؤں کے عالمی دن پر  ہم نیوز سے بات کرتے ہوئےوفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وہ ایک بیماری کے باعث چودہ سال بستر پر رہیں اور چلنے پھرنے سے بھی قاصر تھیں۔ مریم اورنگزیب نے اپنی ماں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج جہاں بھی ہیں انہی کی بدولت ہیں۔

ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر یہ بات یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ ماں ٹھنڈی چھاؤں کی مانند ہے۔ اس کی ٹھنڈک کا احساس زندگی کے ہر موڑ پر ہوتا ہے۔ اس عظیم ہستی سے محبت کے لیے ایک دن تو کیا ساری زندگی مختص کرنا بھی ’کم‘ ہے۔


متعلقہ خبریں