مینار پاکستان دست درازی کیس،گرفتار 8ملزمان کی شناخت ہوگئی


  لاہور: مینار پاکستان کے سامنے گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی کے کیس میں گرفتار 104 میں سے8 ملزمان کو شناخت کر لیا گیا ہے۔

جیل ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے بیان میں کہا  ہے کہ واقعے میں  12 سے 15 ملزمان ملوث  تھے۔دیگر ملزمان کی گرفتاری کے بعد خاتون ان کی شناخت کریں گی۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ 96ملزمان کی موقع واردات پر خاتون کے ہمراہ ہونے کے شواہد موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گریٹر اقبال پارک کیس:متاثرہ خاتون نے6 ملزمان کو شناخت کر لیا

ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا  ہے کہانہیں پانچ افراد کی شناخت ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ شناخت پریڈ مکمل ہونے کے بعد ملزمان کی مصدقہ لسٹ ڈیوٹی مجسٹریٹ پولیس کے حوالہ کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پولیس کی جانب سے حراست میں لئے گئے 160 افراد کی شناخت پریڈ کیلئے گریٹر اقبال پارک واقعے کی متاثرہ خاتون کیمپ جیل پہنچی تھیں۔

خاتون جج کی موجودگی میں ملزمان کی شناخت کا عمل مکمل کیا گیا۔ کیمپ جیل کے سپرنٹنڈنٹ بھی شناخت پریڈ کے موقع پر موجود تھے۔

خیال رہے کہ 14 اگست کے روز سو سے زائد افراد پر مشتمل ایک ہجوم نے اس وقت خاتون پر حملہ کردیا تھا جب وہ اپنے یوٹیوب چینل کے لیے ویڈیو بنارہی تھیں۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے کی گردش کرتی مختلف ویڈیوز میں متاثرہ لڑکی کو مدد کے لیے چیخ و پکار کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مینار پاکستان واقعہ، متاثرہ خاتون نے پولیس ٹیم کو بیان قلمبند کروا دیا

یہ ویڈیوز سامنے آنے کے بعد لاہور پولیس نے متاثرہ لڑکی کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف ۔مقدمہ درج کر کے اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں