خیبرپختونخوا،طالبات کے وظائف میں اضافے کااعلان


پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے تعلیم نسواں کے فروغ کے لیے طالبات کے ماہانہ وظیفے میں اضافہ کردیا ہے۔ حکومتی اعلان کے تحت اب نہم و دہم کی طالبات کو دو سو روپے کے بجائے پانچ سو روپے ماہانہ ملیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے گزشتہ سال چار لاکھ سے زائد طالبات کو وظائف دیے تھے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس مد میں حکومت کے ایک ارب 70 کروڑ روپے خرچ ہوئے تھے۔

پی ٹی آئی حکومت کے مطابق نظام تعلیم میں بہتری کے سبب 41 ہزار سے زائد بچیاں نجی اسکولوں سے سرکاری اسکولوں میں داخلہ لے چکی ہیں۔ حکومتی دعوے کے مطابق طالبات کا اتنی بڑی تعداد میں سرکاری اسکولوں کا رخ کرنا اس بات کا مظہر ہے کہ والدین اور طالبات سرکاری اقدامات سے مطمئن ہیں۔

خیبرپختونخوا حکومت نے دو ماہ قبل اعلان کیا تھا کہ سرکاری اسکولوں میں 80 فیصد حاضری پر طالبات کو وظائف دیے جائیں گے۔ سرکاری اعلان کے تحت کلاس ششم، ہفتم اور ہشتم کی طالبات کو دو ہزار چار سو روپے اور نہم و دہم کی طالبات کو چھ ہزار روپے سالانہ وظیفہ ملے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت گزشتہ پانچ سال سے صوبے میں فروغ تعلیم کے لیے کوشاں ہے۔ اسی مقصد کے تحت طلبا و طالبات سمیت والدین کو ترغیب دینے کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔ حکومتی اقدامات کے نتائج بھی سامنے آرہے ہیں۔


متعلقہ خبریں