آپ ہمارا اثاثہ،قوم کو فخر ہے، شاہ محمود قریشی کا حیدر علی کو فون

گولڈ میڈل جیتنے والے حیدر علی کے استقبال کی تیاریاں مکمل

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  ٹوکیو پیرااولمپکس میں  گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کرنے والے پاکستانی ایتھلیٹ حیدر علی کو ٹیلیفون کیا ہے۔

وزیر خارجہ  نے ایتھلیٹ حیدر علی کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آپ جیسے نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،آج پوری قوم آپ کی کامیابی پر فخر محسوس کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ  گوجرانوالہ کے نوجوان حیدر علی  نے پیرالمپکس میں ڈسکس تھرو میں  گولڈ میڈل جیتا ہے۔

حیدرعلی نے پانچویں باری میں 55اعشاریہ26 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا، حیدر علی پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جیولین تھرو: پاکستان کی پانچویں پوزیشن، ارشد ندیم نے دل جیت لیے

حیدر علی 12 دسبر 1984 کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے، وہ پولیو کا شکار ہیں،انہوں نے اس سے قبل بھی پاکستان کے لیے دو پیرالمپکس میڈل جیت رکھے ہیں۔

انہوں نے 2008 میں چین میں ہونے والے سمر پیرالمپکس میں سلور میڈل جیت کر پاکستان میں ایک نئی تاریخ رقم کی تھی۔ جبکہ 2016 میں وہ لانگ جمپ میں کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہو ئے تھے۔


متعلقہ خبریں