ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی کابل میں طالبان نمائندوں سے ملاقات


ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سینئر پاکستانی حکام کے وفد کے ہمراہ کابل پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی نے کابل میں پاکستان کے سفیرسے ملاقات کی، جس میں سرحدوں کی صورتحال اور افغانستان سے مختلف ممالک کے شہریوں کی پاکستان کے راستے انخلا کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔

ڈی جی آئی ایس آئی نے طالبان کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی،  جس میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جا سکے کہ  دہشت گرد تنظیمیں اور امن کو تباہ کرنے کے خواہشمندعناصر موجودہ صورتحال کا فائدہ نہ اٹھا سکیں ۔

طالبان کے نمائندوں سے ملاقات میں مختلف ملکوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے پاکستان کے راستے انخلا کی درخواستوں اور اس سلسلے میں کوئی طریقہ کار بنانے پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں  روزانہ کی بنیاد پر افغان باشندوں کی آمدورفت پر بھی بات چیت کی گئی ۔

نئی حکومت کا جلد اعلان کریں گے تاخیر نہیں ہو گی، ترجمان افغان طالبان

دوسری جانب معاون ترجمان افغان طالبان بلال کریمی نے کہا ہے کہ گزشتہ جمعہ نئی حکومت سے متعلق تاریخ کا اعلان نہیں کیا، نئی حکومت کا جلد اعلان کریں گے تاخیر نہیں ہو گی۔

سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ وادی پنج شیر کا مغربی حصہ پہلے ہی کنٹرول میں آچکا ہے جب کہ اس وادی کے مشرقی علاقے بھی ہمارے کنٹرول میں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے بڑے ضلع پریان میں امن بحال کر چکے ہیں، وادی مجموعی طور پر طالبان کے سخت محاصرے میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کاپیسا کے راستے ضلع انابہ پر بھی ہمارا کنٹرول ہے، مخالفین کو بھاری نقصان کا سامنا ہے جب کہ طالبان محفوظ ہیں۔


متعلقہ خبریں