کراچی :بادلوں کا راج، کبھی گرجے، کبھی برسے،سڑکیں تالاب، سفر عذاب

سندھ سمیت ملک کے اکثر علاقوں میں بارش کا امکان

کراچی کےمختلف علاقوں میں آج بھی بادلوں کا راج رہا،  کبھی گرجے، کبھی برسے، سڑکیں تالاب بن گئیں اور شہریوں کے لیے سفر کرنا عذاب بن چکا ہے۔

ملیر گوشت مارکیٹ کی اہم سڑک پر برساتی پانی جمع ہو گیا، قائد آباد سے ملیر جانے اور آنے والی سڑک بھی تالاب کا منظر پیش کرنے لگی  جس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

قائد آباد برج اور لانڈھی جانے والی سڑک پر بھی برساتی پانی موجود ہے، انتظامیہ کی جانب سے  کچھ علاقوں میں نکاسی آب کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلشن حدید میں  133 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، قائد آباد 62 ، فیصل بیس 53 ، سعدی ٹاؤن 47 ، ماڈل آبزرویٹری 42 ، یونیورسٹی روڈ ، جناح ٹرمینل 38 ، نارتھ کراچی 32 ، اورنگی ٹاؤن 27 ، مسرور بیس 19 ، ناظم آباد 15 ، سرجانی 13 اور کیماڑی میں چار ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ تین روز سے جاری بارش اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث  شہریوں کو گھروں سے باہر نکلنے اور آمد ورفت میں مشکلات کا سامنا ہے.

ضلع وسطی میں کے ڈی اے چورنگی اور ناگن چورنگی پر پانی  جمع ہو گیا۔ کے ڈی اے چورنگی نالہ ، نارتھ ناظم آباد بلاک این کا نالہ ،گجر نالہ ، ایف بی ایریا نالہ اور سونگل نالے کے اطراف بھی بارش کا پانی اور کچرا جمع رہا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں پھر بارش، پانی جمع، گاڑیوں کی لمبی قطاریں،کل بھی تیار رہنا

دوسری جانب تیز بارش کے باعث سندھ بھر میں تمام نجی اسکول بند رکھے گئے ہیں اور آج  ہونے والے انٹر بورڈ کے امتحانات  اور  بارہویں جماعت کے  پریکٹیکلز بھی ملتوی کردیے گئے ہیں۔

ترجمان انٹربورڈ کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج  بھی تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے اس لیے پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں جبکہ  نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں