برازیل اور ارجنٹائن کا فٹ بال میچ  شروع ہوتے ہی معطل


 برازیل اور ارجنٹائن کے درمیان فٹ بال ورلڈ کپ کوالیفائر کا میچ کک آف کے ٹھیک پانچ منٹ بعد ہی قرنطینہ کے تنازع پر معطل ہوگیا۔

برازیل کے صحت کے حکام نے ارجنٹائن کے تین کھلاڑیوں پر قرنطینہ کے قوانین کو توڑنے کے باعث میچ میں شرکت پر اعتراض اٹھادیا۔

برازیل کے ہیلتھ ریگولیٹر حکام نے ڈرامائی اندز میں میدان میں انٹری دے کر کک آف کے پانچ منٹ بعد کھیل روک دیا۔

یہ بھی پڑھیں: میسی کا ٹیشو 16 کروڑ کا

میچ کے دوران ہیلتھ حکام کے مداخلت پر کھلاڑی اور تماشائی حیران رہ گئے۔ ارجنٹائن کی ٹیم نے فوراً ہی میدان چھوڑ دیا ۔ بعد میں دو کوچز ، ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی اور برازیل کے کھلاڑی جمع ہوکر صورتحال کا جائزہ لیتے رہے۔

اسٹار فٹ بالر اور ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی اچانک مداخلت پر خوب برہم ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکام نے میچ کیوں شروع ہونے دیا اور شروع ہوتے ہی روک دیا۔ ہم ایک گھنٹے سے گراونڈ میں موجود ہیں پہلے کیوں نہیں بتایا گیا۔

ایک گھنٹے بعد میچ کو باقاعدہ طور پر معطل کر دیا گیا، ساؤتھ امریکن فٹ بال کنفیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ریفری اور میچ آفیشل فیفا ڈسپلنری کمیٹی کو ایک رپورٹ بھیجیں گے اور وہ فیصلہ کریں گے کہ کیا اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: میسی کا پیرس سینٹ جرمین فٹ بال کلب کے ساتھ معاہدہ

یاد رہے کہ اس سے قبل ہیلتھ حکام  کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ارجنٹائن کے چار کھلاڑیوں کوقرنطینہ رہنا ہو گا اور وہ میچ میں نہیں کھیل سکتے۔

عالمی میڈیا کے مطابق کرسٹیان رومیرو ، جیوانی لو سیلسو اور ایمیلیانو مارٹنیز  ارجنٹائن کے تین  کھلاڑی ہیں جنہیں میچ کھیلنے سے روکا گیا تھااور وہ میچ میں موجود تھے۔


متعلقہ خبریں