مصباح اور وقار یونس کے استعفے، وجہ رمیز راجہ نکلے


پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق اورباولنگ کوچ وقار یونس اپنےعہدوں سے کیوں مستعفیٰ ہوئے؟ وجہ سامنے آ گئی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ رمیز راجہ کی بطور پی سی بی چیئرمین نامزدگی دونوں کی دستبرداری کی وجہ بنی ہے،رمیز راجہ دونوں کوچزکواپنےفیوچر پلان سےآگاہ کرچکےتھے اورٹیم مینجمنٹ میں بڑی تبدیلی کا عندیہ بھی دے دیا تھا۔

ہیڈکوچ قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق خوداپنےعہدے سےمستعفی ہوئے جبکہ وقار یونس نےمصباح الحق سےمشاورت کےبعد استعفیٰ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: مصباح ، وقار دستبردار، ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق نئے کرکٹ کوچز

ذرائع کہتے ہیں کہ مصباح الحق کو ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کےناموں پربھی اعتراض تھا، وہ اعظم خان کوٹیم میں شامل کرنے کے خلاف تھے،اعظم خان کو کپتان بابر اعظم اور چیف سلیکٹر محمد وسیم کی پسند پر قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔

رمیز راجہ نےقومی اسکواڈ کی حتمی فہرست میں اپنی رائےبھی دی تھی،رمیز راجہ مختلف پلیٹ فارمز پرقومی ٹیم اورٹیم مینجمنٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:مصباح الحق اور وقار یونس میدان چھوڑ کر بھاگ گئے، شعیب اختر

ہم نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پرتصدیق یا تردیدکرنےسے انکارکیا ہے جبکہ وقار یونس اورمصباح الحق سےموقف لینےکی کوشش کی جارہی ہے۔

ادھر مصباح الحق اور وقار یونس کے دستبردار ہوتے ہی سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا تھا کہ دونوں کوچز میدان چھوڑ کر بھاگے ہیں،

راولپنڈی ایکسپریس کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور باولنگ کوچ کو اندازہ تھا کہ وہ رمیز راجہ کی موجودگی میں نہیں چل سکتے، اس لیے وہ عہدوں سے دستبردار ہو گئے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باولنگ کوچ  وقار یونس اپنے عہدوں سے دستبردارہو گئے ہیں، ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق نیوزی لینڈ سیریز میں بحیثیت عبوری کوچز ذمہ داری نبھائیں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے موقف اختیار کیا کہ اب وہ اس فریم آف مائنڈ میں نہیں کہ آئندہ چیلنجز سے نبرد آزما ہوسکیں اوروہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔

باولنگ کوچ وقار یونس کہتے ہیں کہ مصباح الحق نے انہیں اپنا فیصلہ بتایا تو انہوں نے بھی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، وہ پاکستان کے نوجوان باؤلرز کے ساتھ کام کرنے پر مطمئن ہیں۔

ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باولنگ کوچ وقار یونس کا فیصلہ سامنے آتے ہی شیعب اختر نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ وہ میدان چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ شعیب اختر نے مصباح الحق پر تنقید کی ہو، مصباح الحق کو جب کوچ منتخب کیا گیا تھا تب بھی راولپنڈی ایکسپریس نے انہیں مبارک دیتے ہوئے طنز کر ڈالا تھا کہ  انہیں حیرت ہے کہ مصباح کو چیئرمین پی سی بی کیوں نہیں بنایا گیا۔


متعلقہ خبریں