بھارت کا ایک اور جھوٹ بےنقاب ہو گیا


بھارت کا ایک اور جھوٹ بےنقاب ہو گیا، بھارت نے افغان صوبے پنجشیر میں پاکستان کا ایف 16 طیارہ تباہ ہونے کا الزام لگایا لیکن تصویر 2018 کی امریکا میں گرنے والے طیارے کی دکھاتے رہے۔

بھارتی میڈیا کا 3 سال پرانی امریکی خبر دکھا کر پاکستان کو بدنام کرنے کا ایک اور ڈراما جھوٹا ثابت ہو گیا۔

بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے سے باز نہیں آیا اور امریکا میں دوران مشق تباہ ہونے والے طیارے کو پاکستان کا بتا کر ہرزہ سرائی کرنے لگا۔

بھارتی میڈیا نے 2018 میں امریکی ریاست ایریزونا میں تباہ ہونے والے طیارےکی خبر کو جعلی پروپیگنڈا کرتے ہوئے رپورٹ کیا کہ پاکستانی طیارہ افغانستان کی وادی پنجشیر میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔

مشہور مزاحمتی افغان رہنما احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود کے نام سے بنائے گئے ٹوئٹر ہینڈل نے زمین بوس طیارے کی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ہمارے شیروں نے پاکستانی جنگی طیارہ مار گرایا۔ تاہم انہوں نے بعد میں یہ ٹوئیٹ ڈیلیٹ کر دی۔

مودی میڈیا کے حواسوں پر پاکستان اتنا ہاوی ہو چکا ہےکہ پاکستان کی مخالفت میں ویڈیو گیم کی فوٹیج چلا کر پنج شیر میں پاک فضائیہ کی بمباری کا جھوٹا پروپیگنڈا کرتا رہا۔

بھارت کے ریپبلک ٹی وی اور ہندی نیوز چینل ‘زی ہندوستان’ نے ایک فوٹیج شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پاکستانی ڈرون وادی پنجشیر میں طالبان مخالف جنگجوؤں پر بمباری کررہے ہیں۔

تاہم بھارت کے اس دعوے کا پول اس وقت کھلا جب ویب سائٹ ‘بوم’ نے نشاندہی کی کہ یہ ویڈیو افغانستان میں تنازع کی نہیں بلکہ ایک ویڈیو گیم ‘آرما-3’ سے لی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں