وادی نیلم میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد پانچ ہو گئی


مظفرآباد: نیشنل ڈیزاسٹرمینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ وادی نیلم کے دریا میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے پانچ طلبا میں سے تین کی شناخت ہو گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والے عبدالرحمن اورشہزاد کا تعلق فیصل آباد جبکہ ندیم کا تعلق اسلام آباد سے ہے جبکہ گیارہ زخمیوں میں ابرار(بورےوالا)، حمزه جاوید (فیصل آباد)، عدیل (فیصل آباد)، ولید (فیصل آباد)، زبیر(فیصل آباد)، لاریب (جھنگ)، انعم (فیصل آباد)، اقرا (ساہیوال)، علینہ (جھنگ)، ثنا میر(فیصل آباد)، علینہ (ساہیوال) شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق زخمیوں کو آرمی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے مظفرآباد منتقل کر دیا گیا ہے، پاک فوج کے ڈاکٹرزاور پیرا میڈیکس ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود ہیں جبکہ اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے غوطہ خور ڈوبنے والے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس سانحے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

قائم مقام  صدر آزاد  کشمیرشاہ غلام  قادراور وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرخان نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔

فیصل آباد کے ٹپس کالج کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تین بسوں پر66 طلبا تفریحی دورے پرگئے تھے، اب تک دو طلبا کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے جن کا تعلق چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے شعبے سے ہے۔

تفریحی دورے پرجانے والے طلبا کے والدین پریشانی کے عالم میں فیصل آباد کی سعید کالونی میں  واقع کالج پہنچ گئے، مقامی ذرائع کے مطابق اتوارکو لاہوراورفیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 40 سے 50 طلبا وادی نیلم  میں پل ٹوٹنے سے دریا میں جا گرے تھے۔

وزیراعظم آزاد کشمیرراجا فاروق حیدر نے مظفرآباد میں کنٹرول روم قائم کر دیا ہے، متاثرہ خاندان فون نمبر 0582220097 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں