اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضوں کا سلسلہ جاری، پولیس اور انتظامیہ کا عدم تعاون


روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اپنے ہی ملک میں جائیدادوں پر قبضے کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور حکومتی اقدامات تا حال غیر مؤثر ثابت ہو رہے ہیں۔

جنوبی پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل خان پور تھانہ سٹی کی حدود میں بااثر افراد نے اوور سیز پاکستانی کے پلاٹ پر قبضہ کر کے تعمیرات کر لی ہیں۔

متاثرہ اوورسیز پاکستانی نے عمان میں بیٹھ کروزیر اعلیٰ پنجاب سے انصاف مہیا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ویڈیو بنا کر وائرل کر دی ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں متاثرہ اوور سیز پاکستانی عمران یوسف نے بتایا کہ’13 سال سے عمان میں روزگار کے سلسلہ میں رہتا ہوں۔

پردیس میں محنت مزدوری کر کے 2013 میں تھانہ صدر کے سامنے 10 مرلے کا پلاٹ خرید اتھا ، 7 سالوں سے اس پلاٹ کی رجسٹری اور قبضہ میرے پاس موجود ہے۔

اب کچھ عرصہ قبل الزام علیہان میاں شاہد، میاں طارق، ہارون مجید وغیرہ نے جعلی دستاویزات تیار کروا کے اس پلاٹ  پر زبردستی پلاٹ پر قبضہ کر لیا ہے اور تعمیرات کر لی ہیں۔

عمران یوسف نے بتایا کہ میرے والد محمد یوسف عمر رسیدہ ہیں اور انصاف کے حصول کے لیے مختلف دفاتر کے چکر لگا لگا کر تھک گئے ہیں مگر مقامی پولیس بااثر قبضہ مافیا کے خلاف کاروائی کرنے سے گریزاں ہے۔

روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم پاکستانی شہری نے بتایا کہ عدالت سے اسٹے لینے کے باوجود قبضہ گروپ نے تعمیرات کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

اوورسیز پاکستانی کمیشن میں دی گئی درخواست پر بھی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ  مذکورہ بااثر افراد نے اس سے پہلے بھی متعدد غریبوں کی جائیدادوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور پولیس نے آج تک ملزمان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کر سکی۔

متاثرہ شخص نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نوٹس لے کر انصاف مہیا کرنے کی اپیل کی ہے۔

متاثرہ عمران یوسف کے والد محمد یوسف نے اپنے دیگر رشتے داروں کے ہمراہ احتجاج بھی کیا اور ارباب اختیار سے نوٹس لینے اور کاروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔

 


متعلقہ خبریں