امریکی محکمہ خارجہ کاطالبان کی عبوری حکومت پر تشویش کا اظہار


طالبان کی عبوری حکومت کے اعلان پر امریکہ نے تشویش کا اظہار کر دیا۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے طالبان کی عبوری حکومت کے اعلان پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلان کردہ ناموں کی فہرست صرف ان افراد پر مشتمل ہے جو طالبان کے رکن یا ان کے قریبی ساتھی ہیں جبکہ کسی خاتون کا نام شامل نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نئی افغان حکومت کا اعلان: محمداحسن اخوند سربراہ، ملا عبدالغنی برادر نائب

محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کابینہ کے کچھ افراد کی وابستگیوں اور ٹریک ریکارڈ کی وجہ سے بھی فکرمند ہیں۔ امید ہے طالبان افغان سرزمین دوسرے ممالک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

ترجمان امریکہ محکمہ خارجہ  نیڈ پرائس نے کہا  ہے کہ طالبان نے ابھی نگراں کابینہ کا اعلان کیا ہے۔ طالبان کو ان کی باتوں سے نہیں ان کے اقدامات سے پرکھیں گے۔

دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت کو تسلیم کرنا بہت آگے کی بات ہے۔ جبکہ  روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے طالبان حکومت میں سب کی نمائندگی ہوگی تو تسلیم کریں گے۔

یاد رہے کہ افغان طالبان نے افغانستان میں نئی حکومت کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم اور کابینہ کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل نے افغان حکومت کے ای میل اکاؤنٹس بلاک کر دیے

افغان دارالحکومت کابل میں نیوز کانفرنس کے دوران ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ محمد حسن اخوند افغانستان کے عبوری وزیراعظم ہوں گے۔ ملا عبدالغنی برادر عبوری حکومت میں وزیراعظم محمد حسن اخوند کے نائب ہوں گے۔


متعلقہ خبریں