اسلام آباد، راولپنڈی میں کئی گھنٹے سے بارش


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

جڑواں شہروں میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے تیز اور آہستہ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ چکلالہ کے مقام پر سب سے زیادہ 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پی ایم ڈی 55 ملی میٹر، شمس آباد 37 ملی میٹر اور سیدپور کے مقام پر 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کا لیول 11 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 10 فٹ ہے۔

ترجمان واسا کے مطابق ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود نکاسی آب کے عمل کی نگرانی کے لیے خود فیلڈ میں موجود ہیں جبکہ ائیر پورٹ روڈ، کمیٹی چوک انڈر پاس، لیاقت باغ، جاوید کالونی میں ریسکیو ٹیمیں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کے باعث مزید83اموات رپورٹ

ترجمان کے مطابق ڈھوک کھبہ، صادق آباد، سیٹلائٹ ٹاؤن، جامع مسجد روڈ اور مری روڈ پر بھی ٹیمیں موجود ہیں۔

ایم ڈی واسا راولپنڈی کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں۔ اٹک میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔ پنڈ دادنخان میں طوفانی بارش سے متعدد علاقے زیر آب آگئے۔

پنجاب کے ضلع چنیوٹ میں بھی بارش کی جھڑی لگ گئی۔ میانوالی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش سے کئی علاقوں کے بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے۔

نوشہرہ میں بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ مردان میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔


متعلقہ خبریں