توقع ہے ماضی کی غلطیاں دہرانے سے اجتناب کیا جائے گا، وزیرخارجہ


وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے پولینڈ کے ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا ’ توقع ہے کہ ماضی کی غلطیوں کو دہرانے سے اجتناب کیا جائے گا‘۔

پولینڈ کے وزیر خارجہ زگنوراؤ نے شاہ محمود قریشی کو فون کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، تجارت و سرمایہ کاری سمیت، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور پولینڈ کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی سے سعودی ہم منصب کا ٹیلی فونک رابطہ

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، پولینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔  افغانستان کا ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے، چار دہائیوں سے جاری جنگ و جدل سے پاکستان شدید متاثر ہوا۔

افغانستان میں امن و استحکام، ناصرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان کٹھن حالات میں افغانستان کی مالی و انسانی معاونت کو یقینی بنائے۔

پولینڈ کے وزیر خارجہ نے پولینڈ کے شہریوں کے کابل سے انخلاء میں معاونت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔  انہوں نے وزیر خارجہ کو دورہ پولینڈ کی دعوت دی۔

شاہ محمود قریشی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے، پولینڈ کے وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔


متعلقہ خبریں